حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مومنہ چیمہ فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود چوہدری اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر تنزیلہ خالد نے امامیہ مرکز بلتستان، مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو میں امام جمعہ و الجماعت علامہ شیخ محمد حسن جعفری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود چوہدری نے شگر میں جاری فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مومنہ چیمہ فاؤنڈیشن علاقے میں عوامی فلاح کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جن میں پانی کی فراہمی کے لیے واٹر بورنگ، تعلیمی سہولیات کے لیے اسکول، نوجوانوں کی فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے لیے تربیتی مرکز، ایمبولینس سروس، طبی کیمپ، کلینک اور ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود چوہدری نے کہا کہ علامہ شیخ محمد حسن جعفری سے ملاقات کا مقصد انہیں فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں اور جاری منصوبوں سے آگاہ کرنا تھا۔
انہوں نے فلاحی کاموں کے حوالے سے علامہ جعفری کی سرپرستی، حوصلہ افزائی اور پذیرائی کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ شگر میں جاری منصوبوں کے سلسلے میں ان کی سرپرستی اور تعاون فاؤنڈیشن کے لیے باعثِ حوصلہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فاؤنڈیشن کی کوشش ہے کہ جاری فلاحی منصوبوں کو مزید وسعت دی جائے تاکہ علاقے کے عوام کو تعلیم، صحت، صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں زیادہ سے زیادہ معاونت فراہم کی جا سکے۔
اس موقع پر علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے مومنہ چیمہ فاؤنڈیشن کی فلاحی و سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے ایسے منصوبے معاشرے کی بہتری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے فاؤنڈیشن کی انتظامیہ اور کارکنان کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا اور جاری منصوبوں کی کامیابی و تسلسل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔










آپ کا تبصرہ